13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 13:21
کیماڑی آئل چوری اسکینڈل؛ ایس ڈی پی او کیخلاف کارروائی کی سفارش
جیو نیوز - کراچی....اسپیشل برانچ نے ایس ڈی پی او کیماڑی کے خلاف آئل چوری کی ایک اور رپورٹ تیار کرلی۔ رپورٹ میں پولیس کے اعلیٰ افسر کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
آئل چوری سے متعلق رپورٹ جیو نیوز نے ایک ہفتہ قبل دی تھی جس میں 5 گروہوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
کراچی کے علاقے کیماڑی سے روزانہ کروڑوں روپے مالیت کا تیل پائپ لائینوں سے چوری کیا جاتا ہے۔اس سے متعلق ایک اورنیا انکشاف سامنے آیا جب سندھ پولیس کی اسپیشل برانچ نے ایس ڈی پی او کیماڑی بلال قیوم کو بھی تیل چوری کرنے والے گروہ میں شامل بتایا ہے۔
اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں سے بھتا لیتا ہے۔رپورٹ میں ایرانی ڈیزل ،پیٹرول فروخت کرنے والوں سے بھتا لینے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
اسپیشل برانچ کی جانب سےرپورٹ کراچی پولیس چیف کو ارسال کردی گئی جس میں ایس ڈی پی او کیماڑی کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جیو نیوز نے ایک ہفتہ قبل حساس اداروں کی جانب سے پائپ لائنوں سے تیل چوری کرنے والے گروہ کے بارے میں رپورٹ نشر کی تھی۔رپورٹ کے مطابق 5 گروہ پائپ لائنوں سے آئل چوری کرنے میں ملوث ہیں۔
تیل چوری کرنے میں ظہور پٹھان، بسمہ اللہ پٹھان،بابا شمروز، رضا خان، ممتاز شاہ کے گروہ سرگرم ہیں۔ ملوث گروہ سپلائی لائن سے تیل چوری کرکے آئل ٹینکرزمیں بھر کر روزانہ کی بنیادوں پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔