9 نومبر 2011
وقت اشاعت: 7:1
چارسومیٹرچوڑا سیارچہ آج زمین کے قریب سے گزرے گا
چار سو میٹر چوڑا سیارچہ آج زمین کے قریب سے گزرے گا اور زمین سے اس کے فاصلے کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ یہ فاصلہ زمین اور چاند کے درمیان فاصلے سے بھی کم ہو گا۔وائی یو ڈبل فائیو ٹو تھاوٴزینٹ فائیو نامی سیارچہ پاکستانی وقت کے مطابق چھ بج کر اٹھائیس منٹ پر زمین سے تین لاکھ پچیس ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر گزرے گا اور اس کے زمین سے ٹکرانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ نہ ہی یہ انسانی آنکھ سے نظر آئے گا۔تاہم یہ پچھلے دو سو سال میں زمین کے اتنے قریب سے گزرنے والا پہلا سیارچہ ہو گا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے لانس بینر کا کہنا ہے ’اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایک اتنے بڑے سیارچے کے زمین کے اتنے قریب سے گزرنے کا ہمیں وقت سے پہلے پتہ چل گیا ہو۔واضح رہے کہ اس سے قبل دیگر سیارچے بھی زمین کے قریب سے گزر چکے ہیں خاص طور پر ’اپوفس‘ نامی سیارچہ جو سنہ دو ہزار انتیس اور چھتیس میں دوبارہ زمین کے قریب سے گزرے گا۔ناسا کے مطابق علمِ فلکیات میں دلچسپی رکھنے والے حضرات پندرہ سنٹی میٹر یا اس سے بڑی ٹیلی اسکوپ کی مدد سے وائی یو ڈبل فائیو ٹو تھاوٴزینٹ فائیو کی جھلک دیکھ پائیں گے۔