31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:10
اورماڑہ کے قریب سمندر سے سن فش پکڑی گئی
کراچی........بلوچستان میں اورماڑہ کے قریب سمندر سے سن فش پکڑی گئی، دنیا میں سب سے بھاری سمجھی جانے والی اس مچھلی کا وزن ساڑھے چار سو کلوگرام تھا، مچھیروں نے جال سے نکال کر مچھلی کو پھر سے سمندر میں چھوڑ دیا۔پاکستان میں پہلی بار سن فش کی نسل سے تعلق رکھنے والی ایک مچھلی پکڑی گئی ،جسے اس سے پہلے کبھی پاکستانی سمندر میں نہیں دیکھا گیاتھا ۔ ماہی گیروں نے نایاب نسل سے آگاہی کی وجہ سےمچھلی کو آزاد کردیا۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں اورماڑہ کے مقام پر سمندر میں ماہی گیروں کے جال میں سن فش پھنس گئی۔یہ مچھلی مولا رمسائی نسل کی ہے جو پہلی بار پاکستان کے سمندر میں دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سن فش دنیا میں سب سے بھاری مچھلی تصور کی جاتی ہے اسےبونی مچھلی بھی کہا جاتا ہے۔ جال میں پھنسنے والی مچھلی کی لمبائی 1.8میٹر اور اس کا وزن 450کلوگرام تھا۔ماہی گیروں نے 20منٹ کی جدوجہد کے بعد اسے آزاد کردیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق بحر ہند میں پہلی بار سن فش کی بقا کے لئے ماہی گیروں کی جا نب سے اس طرح کا کوئی اقدام کیا گیا ہے۔ اِس سے قبل سن فش کی دو نسلوں کی مچھلیوں اوشین سن فش اور اسلنڈر سن فش کو پاکستانی سمندر میں دیکھا گیا ہے۔