13 مارچ 2015
وقت اشاعت: 1:46
چین: 19دن میں 57منزلہ عمارت تیار کر ڈالی
بیجنگ........چین ہر میدان میں آگے، 19دن میں 57منزلہ عمارت تیار کر ڈالی۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا بھر میں اپنی مہارت کا سکّہ جمانے والے چینی رفتار میں بھی سب سے آگے ہیں۔ جی ہاں چین کی ایک کمپنی نے محض 19دن میں 57منزلہ بلند عمارت قائم کرکے ایک بار پھر دنیا کو حیران و پریشان کر ڈالا ہے۔ براڈ سٹین ایبل نامی تعمیراتی چینی کمپنی کے انجینئرز اور مزدوروں نے یہ کارنامہ روزانہ 3منزلیں بنا کر سر انجام دیا ہے۔ چین کے صوبے ہونان میں 800اپارٹمنٹس اور کئی دفاتر پر مشتمل یہ بلڈنگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعمیر کی گئی ہے، جو انتہائی کم لاگت اور مختصر مدت میں کثیر المنزلہ عمارتیں تیار کرنے کی حامل ہے۔ کمپنی کے مطابق اس بلڈنگ میں 220منزلیں تعمیر کی جانی تھیں تاہم بعد میں ایئرپورٹ نزدیک ہونے کی وجہ سے اسے 57منزلوں تک محدود کردیا گیا۔