تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
9 اپریل 2015
وقت اشاعت: 17:15

غریب بچی کے ساتھ سیلفی کیوں لی، سوشل میڈیا نوجوان پر برس پڑا

ریاض........سیلفی کا شوق آج کل عروج پر ہے۔ سعودی عرب کے ایک نوجوان نے بھی ایک سیلفی لی، جو اس کے گلے پڑگئی، لیکن وہی سیلفی ایک غریب بچی کی مدد بھی کرگئی۔ سیلفی کا بخار ان دنوں سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اس شوق کی خاطر کوئی ہزاروں فٹ کی بلندیوں پر جاپہنچتا ہے،تو کوئی سمندر کی گہرائیاں ناپنے لگتا ہےاور کوئی تو موت کے منہ میں بھی سیلفی لینے سے نہیں گھبراتا۔سعودی عرب میں بھی سیلفی کے دیوانے نے ایک ایسی سیلفی لی جو اسے مہنگی پڑگئی۔یہ سیلفی نوجوان نےایک غریب بچی کے ساتھ بنائی، کوڑے کے ڈرم سے رزق تلاش کرتی بچی کی سیلفی سوشل میڈیا پر آئی تو شور مچ گیا۔ بچی مقامی فٹبال ٹیم الاتحاد کلب کی جرسی پہنے ہوئے تھی اس لیے تنازعے میں فٹبال کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کود پڑےاور پھر غریب بچی پر قسمت مہربان ہوگئی۔ سعودی عرب کے معروف ریلی ڈرائیور یزید الراجھی نے بچی کے لیے پچاس ہزار سعودی ریال دینے کا اعلان کردیا۔ایک اور دردمند نے بھی اسی قدر رقم دینے کا اعلان کیا۔الاتحاد فٹبال کلب کےکویتی مداح نے پانچ ہزار کویتی دینار دینے کا اعلان کیا۔ ایک تاجر نےساری زندگی اس بچی کو ماہانہ وظیفہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ سیلفی لینے والے نوجوان فیصل نے اپنے اس عمل کے لیے بچی سے معذرت کی اور اسے تحائف پیش کیے۔ فیصل کا کہنا تھا کہ سیلفی لینے کا کوئی منفی مقصد نہیں تھا۔ فیصل لوکل فٹ بال ٹیم اہلی کے فین ہیں لیکن انہوں نے حریف ٹیم اتحاد کے فینز سے بھی معذرت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.