22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 16:41
لڑکا رائٹ ہے یا نہیں، برطانیہ میں جاسوسی ٹیم بتائے گی
لندن......برطانیہ میں ہونے لگی انوکھی جاسوسی ، شادی سے پہلے دلہا کے بارے میں آس پڑوس اور رشتے داروں سے معلومات لینے کا طریقہ ہوا پرانا، اب رشتہ طے کرنے سے پہلے لڑکے کی چھان پھٹک جاسوس کریں گے۔
جاسوسی کا لفظ سنتے ہیں ذہن میں جیمز بانڈ زیرو زیرو سیون گھوم جاتا ہے، جس کی جاسوسی کے چرچے دنیا بھر میں ہیں،لیکن جناب برطانیہ میں تو ایشیائی خاندانوں نے رشتے ناتوں کی چھان پھٹک کے لیے جاسوسوں کا سہارا لے لیا،اب زبانی کلامی تعریفوں سے کام نہیں چلنے والا، مسٹر رائٹ، لڑکی کے لیے کتنے رائٹ ہیں؟جاسوسوں کی ٹیم سب بتادیتی ہے۔
طریقہ کار کچھ اس طرح سے ہے کہ جاسوسوں کی ایک ٹیم ٹولیوں کی شکل میں متوقع دلہا کا پیچھا کرتی ہےاور لڑکے کی تمام حرکات کا مکمل ریکارڈ دلہا کے متوقع سسرال کو فراہم کردیتی ہے، خیر سے اس معلومات کی بنیاد پر کئی رشتے بننے سے پہلے ٹوٹ بھی چکے ہیں، ارے بھئی کچا چٹھا جو سامنے آجاتا ہے۔
برطانیہ میں شادی کرانے والی چند ایشیائی کمپنیاں پیشگی معلومات بھی مہیا کرتی ہیں، جس میں پسِ منظر اور اثاثہ جات کی تصدیق بھی شامل ہے۔