20 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:50
خیبر پختون خوا میں انسداد خسرہ مہم شروع
پشاور…سندھ اور پنجاب میں خسرہ کے نئے کیسز سامنے کے بعد خیبر پختونخوا کا محکمہ صحت حرکت میں آگیا اور 12روزہ انسداد خسرہ مہم شروع کردی۔ گرمیوں کی آمد کے ساتھ مختلف بیماریاں بھی سر اٹھانے لگتی ہیں جن میں ایک خسرہ بھی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں خسرہ کا وائرس متحرک ہوجاتا ہے اور کمزورقوت مدافعت کے حامل بچے اس وائرس کا آسان شکار بنتے ہیں۔ اس مرض پر قابو پانے کیلئے خیبر پختونخوا میں بارہ روز انسداد خسرہ مہم شروع کردی گئی جس میں 96 لا کھ سے زیادہ بچوں کو خسرہ سے بچاوٴ کے ٹیکے لگائے جا ئیں گے۔محکمہ صحت حکام کے مطابق رواں سال خسرے سے چار ہزار بچے متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہزار سے زیادہ تھی گذشتہ سال پندرہ جبکہ رواں سال پانچ بچے خسرہ کے مرض میں مبتلا ہوکر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ والدین نے انسداد خسرہ مہم کووقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق خسرہ مہم پر ایک ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔جس میں سے 47 کروڑ روپے خیبر پختونخوا حکومت اور 53 کروڑ روپے بین الاقوامی ادارے فراہم کریں گے۔خیبر پختونخوا میں بارہ روزہ انسدادخسرہ مہم شروع کر نے کا مقصد 6 ماہ سے دس سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھنا ہے۔