26 اگست 2015
وقت اشاعت: 0:59
کراچی میں پانی کے 90 فیصد نمونوں میں کلورین نہیں:انسداد نگلیریا کمیٹی
کراچی.......محکمہ صحت کی انسداد نگلیریا کمیٹی نے نکشاف کیا ہے کہ شہر سے لئے گئے چار ہزار پانی کے نمونوں میں سے 90 فیصد میں کلورین پائی ہی نہیں گئی۔ کراچی میں نگلیریا کے تدارک کے لئے قائم کی گئی کمیٹی نے پانی میں کلورین کی مطلو بہ مقدار جانچنے کے لئے گزشتہ دو ماہ میں چارہزار پانی کے نمونے حاصل کئے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 22مئی سے 20 جولائی تک حاصل کئے گئے پانی کے نمونوں میں سے 90 فیصد میں کلورین موجود ہی نہیں۔ رپورٹ آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی جائے گی۔ رواں سال کراچی سمیت اندرون سندھ میں نگلیریا سے 12افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف اسپتالوں میں اب بھی دو افراد زیر اعلاج ہیں۔ ماہرین طب کے مطابق نگلیریا کا جرثومہ ناک کے ذریعے دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے اس لئے وضو اور نہاتے وقت گرمی پانی سے ناک کو صاف کریں، گھر میں زیر زمین اور چھت پر موجود پانی کے ٹینکوں میں کلورین کی ٹیبلٹ ڈالیں تاکہ نگلیریا کے جرثومے کی افزائش کو روکا جا سکے۔ دوسری جانب سے انسداد نگلیریا کمیٹی نے شہر میں پانی کے نمونے لینے کا عمل روک دیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے پیڑول فراہم نہ کرنے کے باعث کمیٹی نے کام بند کردیا۔