22 فروری 2016
وقت اشاعت: 10:44
انسداد پولیو کے رضاکاروں پر حملے اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں، علما
کوئٹہ....انسداد پولیو کے لئے کام کرنے والے رضاکاروں اور ان کی سیکورٹی پر معمور اہلکاروں پر حملے پولیو مہم کے خلاف اقدامات کو روک نہیں سکتے ۔ اسلام کسی بھی انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ حملے دنیا کے سامنے اسلام اور پاکستان کا غلط چہرہ پیش کرنے کی گناؤنی سازش ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام مکاتب فکر کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار علماء نے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ میں پروگرام کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سیف الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ امریکہ اور مغرب دشمنی کو اپنے بچوں سے جوڑنا کوئی شرعی جواز نہیں رکھتا۔ پولیو ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کی جانوں کو بچانے کے لئے یہ ادارے کام کر رہے ہیں۔ 777علماء کرام نے اس مہم کی حمایت کی ہے اور اس پروگرام کے لئے ان کا تعاون ہمہ وقت موجود ہے ۔پھر نہ جانے وہ کونسی قوتیں ہیں جو اس پروگرام کو درست نہیں سمجھتے۔ اگر ان کے پاس اس کے حوالے سے کوئی دلائل ہے تو وہ علماء کرام کے ساتھ آکر مناظرہ کرے نہ کہ بے بنیاد اور غلط راہ کا تعین کرکے یااس مہم کے خلاف بندوق اٹھائے اور انسانی جانوں کا ضیاع کرے۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ گناؤنی عمل ہے، اس عمل کے ذریعے پاکستان اور اسلام کا غلط چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ ریاست کو چاہئے کہ ان کے خلاف بھرپور طریقے سے کاروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو بدنام کرنے کے لئے مختلف نام نہاد لیڈران سامنے آگئے ہیں جن کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام تشدد کا مذہب ہے لیکن اسلام حقوق اور امن کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا فریضہ ہے پولیو کے خاتمے کے لئے نہ صرف جمعے کے روز علما اس موضوع کو اٹھائیں بلکہ اسکے ساتھ ساتھ 70مدارس کے اندر پولیو ویکسینیشن سینٹر کا قیام بھی زیر غور ہے۔
مولانا انوارالحق حقانی نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے شرعی پہلو واضح ہے۔ شریعت میں یہ بات موجود ہے کہ بیماری کے لئے علاج ضروری ہے پولیو بھی ایک مرض ہے اس کے خاتمے کے لئے جو ادارے کوشاں ہیں ہمیں ان کے کام کو سراہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسان کی بھلائی کے منصوبوں کا کبھی مخالف نہیں رہا۔ پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کو بدنام کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ علماء کا تعاون پولیو کی مہم کے حوالے سے تھا اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی سیکورٹی پر حملے پولیو مہم کے خلاف لڑنے والی جنگ میں ہمارے اعصاب کو کمزور نہیں کر سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے ہونا چاہئے حقیقی مجرموں کو پکڑ کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مولانا عبدالرحیم رحیمی نے کہا کہ اسلام احترام انسانیت کا درس دیتا ہے اور خونِ ناحق کی اجازت نہیں دیتا۔ 160 علماء نے فتویٰ دیا ہے کہ پولیو ویکسینیش جائز ہے جس کی بناء پر انکاری والدین بھی اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں اور اس کی مثال سریاب کے علاقے سے ملتی ہے جہاں 679بچے جنکے والدین پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری تھے وہ بھی اس عمل میں شامل ہو گئے۔
مفتی عبدالباقی نے کہا کہ جنہوں نے جانیں لی ہیں انہیں مسلمان کہنا اسلام سے روگردانی کے مترادف ہے جس نے ایک جان کو بغیر کسی وجہ کے قتل کیا اس نے پوری انسانیت کی قتل کی۔ پھر ہم کیسے کہہ سکتے ہیں کہ جنہوں نے پولیو کی ٹیموں پر حملے کئے اور اہلکاروں کو شہید کیا وہ مسلمان کہلانے کے حقدار ہو سکتے ہیں۔