22 فروری 2016
وقت اشاعت: 15:18
کراچی میں بھی سوائن فلو کے 5 کیس رپورٹ،الرٹ جاری
کراچی.......کراچی میں بھی سوائن فلو کے 5 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کراچی میں سوائن فلو کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، تاہم اب تک ایئرپورٹ اور اسپتالوں میں حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے ۔
کراچی میں سوائن فلو کے پانچ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پانچوں مریض پنجاب سے آئےہیں جن میں سوائن فلو کی معمولی علامات پائی گئی ہیں۔
کراچی میں سوائن فلو کے 5کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، اس بات کی تصدیق ہوئی کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں جہاں حکام نے کراچی کے نجی اسپتا ل میں آنے والے 5افراد میں سوائن فلو کے وائرس کی تصدیق کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق تمام افراد پنجاب سے کراچی آئے تھے۔ ماہرین طب کے مطابق سوائن فلو ایک سے دوسرے فرد میں باآسانی پھیل سکتا ہے اور اس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔
ملتان میں سیزنل انفلوئنزا کا ایک اور مریض دم توڑ گیا ، نشتر اسپتال میں زیر علاج ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی 35 سالہ سلطان آج زندگی کی بازی ہار گیا، یہ ملتان میں سیزنل انفلوئنزا سے چوتھی ہلاکت ہے، جبکہ اسپتال میں سیزنل انفلوئنزا کے مزید تین مریض لائے گئے ہیں جن کے خون کے نمونے اسلام آباد لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اسپتال میں آئسو لیشن وارڈ قائم کردیا گیا ہے، ادھر کراچی میں بھی سوائن فلو الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد ایئر پورٹ پر مسافروں کی طبی جانچ کے لیے مخصوص اسکینر فعال کرنے کے احکامات جاری کی گئے تھے، لیکن اب تک اسکینرفعال نہیں کیا جاسکا، اس کے ساتھ شہر کے تمام اسپتالوں میں مخصوص وارڈز بنانے کے احکامات بھی جاری ہوئے لیکن تاحال ایسا اقدام اسپتالوں میں نظر نہیں آیا۔