11 مارچ 2012
وقت اشاعت: 20:50
پولیو کے خاتمے کیلئے متعلقہ تعلیم دینا بہت ضروری ہے، نیئر بخاری
اسلام آباد … پاکستان میں ہر سال پولیو کے خاتمے کا اعلان کیا جاتا ہے مگر وزیراعظم کے پولیو مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈی نیشن سیل کے مطابق پاکستان میں اس سال جنوری سے اب تک پولیو کے 12 کیسز سامنے آئے ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایون نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا جس کیلئے پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے سے متعلق تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔ سینیٹر نیئر بخاری اسلام آباد میں پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، پاکستان میں بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کی کوریج کو عالمی معیار پر لایا جائے گا ۔ ایک سوا ل کہ اسامہ بن لادن تک پہنچنے کیلئے جعلی پولیو مہم سے پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچا ہے پر سینیٹر نیئر بخاری نے کہا کہ معاملہ کمیشن میں زیر سماعت ہے اس پر بات نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر موجود وزیر اعظم کے پولیو مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈی نیشن سیل کی طرف سے پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک پولیو کے 12 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں کوئٹہ اور خیبر ایجنسی سے دو، دو کیسز سامنے آئے، حیدرآباد، میرپورخاص، پشاور، لکی مروت، ڈی آئی خان میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ کوہاٹ، شمالی وزیرستان اور جھنگ میں بھی ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے۔وزیر اعظم کے پولیو مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈی نیشن سیل کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں پولیو کے 15 کیسز سامنے آئے تھے۔ کل سے ملک کے 67 اضلاع میں کلی اور جزوی طور پر پولیو مہم شروع کی جارہی ہے جو 14مارچ تک جاری رہے گی۔