24 مارچ 2012
وقت اشاعت: 19:24
پاکستان میں ہر سال 4لاکھ افراد ٹی بی کا شکار ہوتے ہیں، طبی ماہرین
اسلام آباد … محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہر سال 4 لاکھ سے زائد افراد ٹی بی کا شکار ہوتے ہیں جن میں 41 فیصد کی عمر 15 سال سے کم ہے۔ محکمہ صحت کاکہنا ہے کہ ٹی بی میں مبتلا 4 لاکھ مریضوں میں سے 2 لاکھ کا تعلق پنجاب سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ 80 فیصد مریضوں کو پھیپھڑوں کی ٹی بی جبکہ باقی 20 فیصد جسم کے مختلف اعضاء کی ٹی بی کا شکار ہیں۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ٹی بی کا ایک مریض 10 سے 15 افراد کو متاثر کرسکتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی بی کا مرض 80 فیصد قابل علاج ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ٹی بی کاعلاج تواتر سے کرایا جائے اور جو مریض اسکا علاج مکمل نہیں کرتے وہ خطرناک ٹی بی ایم ٹی آر کا شکار ہوجاتے ہیں جسکا علاج نہ صرف مہنگا ہے بلکہ زندگی کو لاحق خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے اگر دو ہفتے سے زائد کھانسی جاری رہے، بلخم سے خون آئے، رات کو بخار، وزن کم ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور بر وقت علاج سے ٹی بی جیسے مرض سے بچا جاسکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ عوام میں اس سے متعلق آگاہی اور حکومتی سطح پر اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔