25 مارچ 2012
وقت اشاعت: 23:24
بلوچستان: کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہوگی
کوئٹہ … بلوچستان کے 3 اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں پولیو نیشنل ایمرجنسی ایکشن پروگرام کے تحت 3 روزہ انسداد پولیو مہم کل (26مارچ) سے شروع ہورہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے مہم میں حصہ لینے والے علمائے کرام، قبائلی اور سماجی عمائدین، افسران اور اہلکاروں کیلئے ترغیبات دینے کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ ، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں پولیو نیشنل ایمرجنسی ایکشن پروگرام کے تحت 3 روزہ انسداد پولیو مہم 26تا 28مارچ تک جاری رہے گی جس کے دوران کوئٹہ بلاک کے ان اضلاع میں 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کی ویکسین کے قطرے پلانے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی جانب سے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور مقررہ اہداف کے حصول کیلئے تمامتر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مہم میں حصہ لینے والے علمائے کرام، قبائلی اور سماجی عمائدین اور افسران و اہلکاروں کیلئے ترغیبات دینے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ڈپٹی کمشنروں جو کہ اپنے اپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن بھی ہیں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنائیں اور اس حوالے سے علمائے کرام اور قبائلی و سماجی عمائدین کا تعاون بھی حاصل کیا جائے تاکہ انسداد پولیو قطرے پلانے سے انکار کے رجحان کا خاتمہ کیا جاسکے۔