27 مارچ 2012
وقت اشاعت: 11:25
کوٹلی کا رہائشی ناکارہ گردوں کے ساتھ زندگی سے نبردآزما
کوٹلی… کوٹلی آزاد کشمیر کا رہائشی نوجوان دونوں گردے ناکارہ ہوجانے کے باعث زندگی کی جنگ لڑرہاہے۔ آزادکشمیر کے ضلع کو ٹلی کے علاقے منیل کے 22سالہ رہائشی آفتاب احمد 22 سال کو 7ماہ قبل بخار ہو اتو بیماری کے دوران اچانک اس کے دونوں گردوں نے کام کر نا بھی چھوڑ دیا۔بہن بھائیوں کی جان یہ نوجوان اب بستر پر لیٹا بے بسی کی تصویر بن چکا ہے۔ غربت کے باعث ماں نے بیٹے کے علاج کے لئے گھر کا سامان تک بیچ دیاہے۔ماں اپنے لخت جگر کو گردہ دے کر بچانا توچاہتی ہے لیکن آپریشن کے اخراجات ماں اور بیٹے کی محبت میں آڑے آرہے ہیں۔ کمزور،لاغر اور مختلف بیماریوں کا شکارآفتاب کا باپ بھی چار سالوں سے بستر پر ہے۔ بے بس باپ بیٹے کی زندگی کے لئے صرف دعاہی کرسکتاہے۔ باپ گٹھیے کا مریض ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق آفتاب کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے ہیں اور ہفتے میں تین بار ڈائیلاسسز ضروری ہوچکا ہے۔لیکن اس کا حوصلہ مضبوط ہے اور وہ جینا چاہتا ہے۔ گھر کابوجھ اٹھانے والا نوجوان اب خود بوجھ بن چکاہے۔ کھانستے کھانستے سانسیں اکھڑنے لگے تو گھر والوں کی دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔یہ غریب گھرانا آفتاب کی صحتمند زندگی اورکسی معجزے کا منتظر ہے۔