2 اپریل 2012
وقت اشاعت: 13:15
بلیک بیری ایک سو پچیس ملین ڈالر خسارہ
بلیک بیری فون بنانے والی کمپنی ریسرچ ان موشن (آر آئی ایم) کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو سنبھالا دینے کے لیے زیادہ توجہ اپنے کارپوریٹ صارفین پر دے گی۔
یہ اعلان، سال کی پہلی سہ ماہی میں سمارٹ فون کی فروخت کے باعث آمدنی میں بڑی کمی آنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی کو پہلے تین ماہ کے دوران 125 ملین ڈالر یا 78 ملین پونڈ کا خسارہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ سال اس کا منافع 934 ملین ڈالر تھا۔
اِس کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ کمپنی کے روایتی صارف کاروباری حلقوں نے اپنے عملوں کو آئی فونز یا اینڈرائڈ سمارٹ فونز پر منتقل کر دیا ہے۔
آر آئی ایم نے شریک چیف ایگزیکٹو کے استعفے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جب کہ چیف ٹیکنالوجی افسر ڈیوڈ یاچٹ کا عہدہ بھی کم کر دیا جائے گا۔
گذشتہ تین ماہ کے دوران بلیک بیری کے سمارٹ فونز کی فروخت میں گذشتہ سے پیوستہ تین ماہ کے مقابلے میں 21 فی صد کمی آئی اور 1ء11 ملین فون کم فروخت ہوئے۔
کمپنی کی پلے بُک ٹیبلٹ کی فروخت پاچ لاکھ تک جا پہنچی لیکن اس تیزی کی بڑی وجہ رعایتی قیمتیں رہیں۔
گذشتہ سال آر آئی ایم نے مجموعی طور پر 2ء1 ارب ڈالر کا منافع کمایا جو گذشہ مالی سال کے مقابلے 2ء2 ارب ڈالر کم تھا۔
بلیک بیری فون بنانے والی یہ کمپنی ایک دور کی دنیا بھر میں تیز تر ترقی کرنے والی کمپنی رہی ہے لیکن پھر اس نے اپنے ہم عصر ایپل کے آئی فون اور گوگل کے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونوں کی مارکیٹ میں جانے کا فیصلہ کیا جس میں اُسے متوقع کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور اس کے روایتی صارف بھی بڑی حد تک اس کے ہاتھ سے نکل گئے۔
ٹیبلٹ کی مارکیٹ میں بھی کمپنی کو پاؤں جمانے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
سی نیٹ کے تجزیہ کار لیری میگڈ کے مطابق امریکہ میں سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران آر آئی ایم کا حصہ کل فروخت کا صرف پانچ فی صد اور ایپل کا 43 حصہ فی صد رہا۔
یہی وجہ ہے کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو تھورسٹن ہینز نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی اب اپنے روایتی کارپوریٹ صارفین پر زیادہ توجہ دے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہی شعبہ ہماری طاقت رہا ہے اور اب ہم اسی کو اور زیادہ بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نیا بلیک بیری سات ڈیوائسز کا حامل ہو گا اور یہ آئندہ چند ماہ میں آ جائے گا اور ہمارے سابقہ مقام کو لوٹانے میں مددگار ہوگا۔
اس کے علاوہ اسی سال کے آخر میں بلیک بیری 10 آنے والا ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک نیا آپریٹنگ سسٹم بھی متوقع ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ ان دو فونوں کی آمد مستقبل کے لیے آر آئی ایم کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔