25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
سائبرحملوں سے بچاؤ کیلئے دنیا کا بہترین سوفٹ وئیرتیار
پاکستان کی سرکاری و نیم سرکاری ویب سائٹس پر ہونے والے پڑوسی ممالک کے ہیکرز کے پے درپے حملوں کے بعد پاکستانی آئی ٹی ماہرین جاپان کی معروف ڈیٹا سکیورٹی کمپنی کے تعاون سے ویب سائٹس پر ہونے والے ہر طرح کے سائبر حملوں کوروکنے کے لئے دنیا کا بہترین ویب فائر وال سوفٹ وئیر تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس سافٹ وئیر کا نام سوئیف یعنی سسٹم بیسڈ ویب اپلیکیشن فائر وال رکھا گیا ہے۔ اس ویب سوفٹ ویئر کی تیاری میں پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی یونیورسٹی نسٹ کے ماہرین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ جاپانی کمپنی کے مطابق اس فائر وال کو کسی بھی ویب سائیٹ پرانسٹال کرنے کے بعد مذکورہ ویب سائیٹ کو دنیا میں سب سے زیادہ ہونے والے ویب اٹیک، کراس سائٹ اسکرپٹ، ایس کیو ایل انجیکشن، ڈاس اٹیک، سائیٹ ڈیفیسمنٹ اٹیک جیسے حملوں سے باآسانی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ پروجیکٹ پر کام کرنے والے نسٹ یونیورسٹی کے پروجیکٹ انچارج ڈاکٹر حافظ فاروق احمد نے بتایا کہ اس نئی ایجاد سے پاکستان کی اہم سرکاری ویب سائٹوں کو ممکنہ ویب حملوں سے باآسانی محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ جاپانی کمپنی پاکستان کی ممتاز آئی ٹی یونیورسٹی نسٹ کی درخواست پراس ویب فائر وال کو پاکستان کی سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائیٹ پر بغیر لائسنس فیس انسٹال کرنے پر پہلے ہی راضی ہوچکی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ کو اس فائر وال کی انسٹالیشن کے ذریعے محفوظ ترین ویب سائیٹ بنادیا جائے گا ۔