25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
پائلٹ اب اشارے سے دشمن کو تباہ کریں گے
پہلے تو یہ بات حسینوں کے بارے میں مشہور تھی کہ وہ آنکھوں سے گولی مارتی ہیں لیکن اب برطانوی پائلٹ بھی یہی کام کریں گے۔ برطانوی انجینئرز نے ایسا ہیلمٹ تیار کیا ہے جس کی مدد سے دشمن کے طیارے کو دیکھتے ہی تباہ کرنا ممکن ہوسکے گا۔ 3لاکھ 89ہزارڈالر کی لاگت سے تیار کیے گئے اس ہیلمٹ کی خوبی یہ ہے کہ دشمن کے طیارے کے اس کی رینج میں آتے ہی اور دماغ کا سگنل ملتے ہی میزائل فائر ہوجائے گا۔ اس ہیلمٹ کو دوحصوں میں ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں لگا ایک آپٹیکل سینسردشمن کے طیارے کو دیکھتے ہی خاص اشارے جاری کرتا ہے جس پر طیارے میں لگے دیگر سینسرز پلک جھپکتے ہی دشمن کے طیارے کو ہدف بنا کر اسے تباہ کردیتے ہیں۔ اس سے پہلے پائلٹ کو دشمن کو ہدف بنانے کے لیے طیارے کے ریڈار کا سہارا لینا پڑتا تھا جس کے لیے دشمن کے بہت سے ا ہداف کو شناخت کرنا ضروری ہوتا تھا۔ برطانوی ایئر فورس انجینئرنگ سسٹم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ہیلمٹ کی تیاری فوجی تاریخ میں حملہ کرنے کی صلاحیت میں بہت بڑی پیش رفت ہے اور اس سے دشمن کے طیارے کو صدی قبل کے تصور کے تحت ایریل کی مدد سے تباہ کرنے کے تصورکا خاتمہ ہوجائے گا۔