9 مارچ 2012
وقت اشاعت: 15:21
ٹوئٹر اب اردو میں بھی
مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پہلی مرتبہ دائیں سے بائیں کی جانب لکھے جانے والی زبانوں کے لیے اپنی ویب سائٹ پر سہولت فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔
ٹوئٹر کی سروس اب اردو کے علاوہ عربی، فارسی اور عبرانی زبانوں میں بھی مہیا کی جائے گی۔
وئٹر کا کہنا ہے کہ تیرہ ہزار رضا کاروں کی مدد سے ویب سائٹ کے ’مینیو آپشنز‘ اور امداد کے صفحوں کو ان زبانوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان زبانوں میں سروس فراہم کرنے سے ان افراد کو ٹوئٹر استعمال کرنے میں آسانی ہو گی جو انگریزی نہیں جانتے لیکن ٹوئٹر پر اپنے پیغامات درج کرنا چاہتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر ٹوئٹر کے بلاگ میں درج ہے کہ ویب سائٹ کا ان مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنے والے بہت سے رضاکاروں کا تعلق ایسے ممالک سے ہے جہاں ٹوئٹر کے استعمال پر حکومت کی جانب سے پابندیاں عائد ہیں۔
بلاگ پر درج ہے ’ان رضاکاروں کی محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اپنے علاقوں میں ٹوئٹر کو عام اور قابلِ فہم بنانے کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ سنہ دو ہزار دس میں پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس توہینِ رسالت کی بنیاد پر عارضی طور پر حکومت کی جانب سے بند کر دی گئی تھی۔
ملک میں ٹوئٹر کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پابندی کے دوران بھی صارفین پراکسی اور تھرڈ پارٹی سمارٹ فون ایپز کے ذریعے ٹوئٹر کو استعمال کرتے رہے۔