5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سی پی پی لیبر ونگ برطرف ملازمین کے حق میں مظاہرہ کرے گی،عمرمیمن
جنگ نیوز -
لندن… پی پی لیبر ونگ برطانیہ کے چےئرمین اور پی پی پی اُردو ویب کے چیف آرگنائزر عمر میمن نے کے ای ایس سی سے 4 ہزار ملازمین کی برطرفی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو ظالمانہ اور مزدوروں کا معاشی قتل قرار دیا ہے اور تمام ملازمین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ بات انہوں نے کے ای ایس سی کے برطرف ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لئے بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے دوران کہی۔اجلاس میں ڈپٹی چےئرمین حفیظ الدین شیخ،جنرل سیکرٹری اکرم شاہداد،مہروز چانگ ،آفتاب بلوچ سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔عمر میمن نے اس اقدام کو جمہوری حکومت کے خلاف آمریت کے پروردہ عناصر کی گھناوٴنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے ای ایس سی کی نجکاری سے لیکر آج تک اس ادارے کی انتظامیہ نے کراچی کے شہریوں کو اندھیروں اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا اور یہی وجہ ہے کہ آج شہر کے دوکروڑ عوام اس امر پر متفق ہیں کہ اس ادارے کو فوری طور پر دوبارہ سرکاری تحویل میں لے لیا جائے۔عمرمیمن نے کے ای ایس سی کے ملازمین کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال نہ کیا گیا تو پی پی پی لیبر ونگ لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ اور بھوک ہڑتال کرے گی۔انہوں نے پارٹی کے عہدیداران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ملازمین کی بحالی کیلئے احتجاجی مظاہرے اور بھوک ہڑتال کے سلسلے میں فوری حکمت عملی بنائیں۔اس موقع پر دیگر عہدیداران نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے ای ایس اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے اور استعداد کار بڑھانے کے بجائے غریب ملازمین کو ادارے سے نکال کر مزدور دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔انہوں نے کے ای ایس سی سے چار ہزار سے زائد ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مزدوروں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور بیروزگاری کے دور میں سرمایہ داروں کے اس طرح کے ظالمانہ فیصلے عوام کو مایوسی کے دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ای ایس سی کے 4500 مزدوروں کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے پر زبردستی نکالا جا رہا ہے۔