تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

کے ای ایس سی میں برطرفیوں کیخلاف ملازمین کا احتجاج تاحال جاری

جنگ نیوز -
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کے ای ایس سی حکام کو حکومتی کمیٹی کی سفارشات آنے تک ملازمین کی بے دخلی کے فیصلہ پر عملدرآمد مؤخرکرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دوسری جانب برطرف کیے جانے والے ملازمین کا کے ای ایس سی ہیڈ آفیس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ کے ای ایس سی کے برطرف کیے جانے والے ملازمین کا احتجاجی دھرنا گزشتہ دو دنوں سے جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ دوسری جانب گورنر ہاؤس کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کے ای ایس سی حکام کوحکومتی کمیٹی کی سفارشات آنے تک ملازمین کی بے دخلی کے فیصلہ پر عملدرآمد مؤخرکرنے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایم کیو ایم کے سینیٹر عبد الحسیب، ڈاکٹر صغیر احمد، خالد افتخار،خواجہ اظہار الحسن، پیپلز پارٹی کے صوبائی وزرا شازیہ مری، رفیق انجینئر،راشد ربانی، وقار مہدی اور اے این پی کی جانب سے صوبائی وزیر محنت امیر نواب 9 رکنی حکومتی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ دوسری جانب گورنر ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی نے گورنر سندھ کی ہدایت پر ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے تاہم ترجمان کے ای ایس سی نے کے ای ایس سی کے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ موخر کئے جانے کی تردید یا تصدیق سے انکار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کے ای ایس سی ملازمین کے مسئلے پر صدر آصف علی زرداری نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ٹیلی فون کر کے برطرف ملازمین سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو کے ای ایس سی انتظامیہ اور یونین سے مذاکرات کے لئے تشکیل کردہ 9 رکنی حکومتی کمیٹی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.