29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
فراری اسپورٹس کار کے کتابی مجموعہ کی پہلی کاپی نمائش کے لیے پیش
جنگ نیوز -
روم …اٹلی کے مشہور اسپورٹس کار مینو فیکچررز فراری نے اپنے سفر،ریکارڈز اور برانڈ ز کا باقاعدہ کتابچہ تیار کرلیا ہے جسکی مہنگی ترین کاپی نمائش کے لیے پیش کردی گئی ہے۔ابو ظہبی میں فراری ورلڈ کے افتتاح کے موقع پر پیش کی گئی اس کتاب کا مہنگا ترین مجموعہ سال2011میں مختلف ممالک میں گراں پری ایونٹس کے موقع پر نمائش کے لیے رکھا جارہا ہے جس کے بعد اسے نیلام کردیا جائیگا۔اس کتاب کی مہنگی ترین کاپی میں 852صفحات ہیں جن میں 2لاکھ الفاظ اور2ہزار تصاویر موجود ہیں۔50سینٹی میٹر بڑے اور 50سینٹی میٹر چوڑے اس تصویری کتابچے کا وزن 37کلوگرام ہے۔اس خاص کتاب میں تہہ ہوئی 2میٹر بڑی تصاویر کیساتھ ساتھ فراری گاڑیوں کے ریکارڈ سمیت ہر فراری گاڑی کی تمام تفصیلات بھی یکجا کی گئی ہیں۔ہیروں اور لال چمڑے سے مزین سرورق والی اس کتاب پراچھلتے ہوئے گھوڑے نما فراری لوگو کی تیاری میں تقریباً 30قیراط کے ہیرے استعمال میں لائے گئے ہیں جسکے باعث اس کتاب کی قیمت2لاکھ 75ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔انتہائی مہنگی اور شاندار یہ یادگاری کتاب تمام ممالک میں گراں پری ایونٹس سے گزرتی ہوئی گاڑیوں اور موٹر اسپورٹس سے منسلک لیجنڈری افراد کے دستخطوں کے بعد نیلام کردی جائیگی جس سے حاصل ہونے والی رقم امدادی مقاصد کے لیے استعمال میں لائی جائیگی۔