29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ویسٹ انڈین بیٹنگ ڈھیر، پاکستان کو جیت کیلئے 113رنز کاہدف
جنگ نیوز -
میرپور…پاکستانی بولرز اور خاص طور پر کپتان شاہد آفریدی کی بہترین بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 112رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،شیونارائن چندرپال کے سوا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ میرپور (ڈھاکا) کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کرکٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کرایک بڑا ہدف دینے کی خواہش کے ساتھ پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیالیکن ماضی میں کالی آندھی کہلائی جانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے بلے باز عمرگل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کی نپی تلی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکی ، 16کے مجموعی اسکور پر 3اور پھر 71کے اسکور پر 7کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم چندرپال کی محتاط بیٹنگ کی بدولت ٹیم 112رنز کا مجموعہ حاصل کرنے اور پاکستان کو 113رنز کاہدف دینے میں کامیاب رہی۔ چندرپال نے ناقابل شکست44رنز اسکور کئے۔ بولنگ کے شعبے میں پاکستانی کپتان سرفہرست رہے۔انہوں نے 9.3اوورز میں 30رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ان کے علاوہ محمد حفیظ، سعید اجمل نے دو، دو ، عمرگل اور عبدالرزاق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ یہ ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل 1983کے ورلڈ کپ میں اوول کے گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز 188رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، تاہم وہ یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی21وکٹوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں سرفہرست ہیں۔