29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
وزیراعظم گیلانی سیبھارت کے امن وفدکی ملاقات
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ جنگیں کسی مسئلے کاحل نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کے حل کا واحد راستہ صرف بات چیت ہے۔ وزیراعظم کا کہناہے کہ ان کی حکومت بھارت کے ساتھ تمام معاملات کے پرامن تصفیے کے لئے تیارہے۔وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں بھارت کے امن وفد نے معروف بھارتی صحافی کلدیپ نئیر کی قیادت میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، وزیراعظم نے سول سو سائٹی اورامن کے لئے کوششیں کرنے والوں کے کردارکوسراہتے ہوئے کہاکہ وہ پرامید ہیں کہ آئندہ ہفتے ہونے والے پاک بھارت سیکرٹری داخلہ سطح کے مذاکرات میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی سمیت منشیات اسمگلنگ اور دیگر اہم امور پر اہم اقدامات اٹھانے پراتفاق ہوجائے گا۔ اپریل میں بھارت کے کامرس سیکرٹری کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے راستے کھلیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک بھارت اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی سمت متعین کرنے کے لئے جولائی میں دونوں ملکوں کے سیکرٹری خارجہ سطح پر ہونے والی ملاقات اہم ہوگی ۔