29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ورلڈ کپ : دوسراکوارٹر فائنل، آسٹریلیا کی بھارت کیخلاف پہلے بیٹنگ
جنگ نیوز -
احمد آباد…ورلڈ کپ 2011ء کے دوسرے کوارٹر فائنل بھارت اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلاجارہاہے۔ احمد آباد کے سردار پٹیل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا ہے۔ ٹا س جیتنے کے بعد رکی پونٹنگ نے کہا کہ جیسے جیسے کھیل آگے بڑھے گا، پچ سلو ہوتی جائے گی۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ اس پچ پر 250رنز ایک اچھا اسکور ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہماری بیٹنگ لائن اچھی کارکردگی پیش نہیں کرسکی لیکن بولرز نے اچھا کھیل پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیوڈ ہسی کو اسٹیو اسمتھ کی جگہ شامل کیاگیا ہے۔ بھارتی کپتان دھونی کا کہناتھا کہ پچ اسپنرز کیلئے مددگار ثابت ہوگی، پریشر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پرانہوں نے کہا جب تک آپ پریشر کے بارے میں سوچیں نہ پریشر نہیں ہوتا، ہم صرف یہ سوچ رہیں ہیں کہ کیسے اچھا کھیل پیش کریں۔ ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ وریندر سہواگ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ یوسف پٹھا ن کو ڈراپ کردیاگیا ہے۔