29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
عوام سے دھوکا،بجلی پر سرچارج کے ساتھ فکسڈ چارجز اور ٹیرف میں بھی اضافہ
جنگ نیوز -
کراچی … حکومت نے بجلی پر دو فی صد اضافی سرچارج لگانے کا تو اعلان کیا مگر اس کے ساتھ ساتھ بڑھائے گئے فکسڈ چارجز اور ٹیرف کا اعلان نہیں کیا گیا جو عوام پر بجلی بن کر گرا ہے۔گزشتہ ہفتے حکومت نے واپڈا کی نو تقسیم کار کمپنیوں اور کے ای ایس سی کے صارفین کیلئے بجلی پر دو فیصد اضافی سرچارج لگانے کا اعلان کیا تھا مگر ساتھ ساتھ ٹیرف میں بھی اضافہ کردیا جس کا ذکر تک نہیں کیا گیا،جس سے صارفین کو یہ پتا نہیں چلا کہ حقیقی معنوں میں ان کیلئے نرخوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔وزارت پانی و بجلی کے نوٹیفکیشن سے یہ بات پتا چلتی ہے کہ ماہانہ50 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کیلئے ٹیرف میں7 فیصد یعنی13پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ماہانہ100 یونٹس بجلی استعمال کرنیوالے متوسط گھریلوصارفین کیلئے ٹیرف میں44 فیصد تک اضافہ1روپے91 پیسے فی یونٹ کی صورت میں ہوا ہے۔ماہانہ100سے300 یونٹس استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے ٹیرف میں9.1 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے اضافی سرچارج کے علاوہ ماہانہ فکسڈ چارجز میں13.3 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ زرعی صارفین کیلئے98 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔