تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

ہنگو میں خود کش بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہنگو میں دو آبہ پولیس اسٹیشن پر خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش بم دھماکے سے متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سفاک دہشت گرد معصوم و بے گناہ لوگوں کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امن دشمن و ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کر کے اسے غیرمستحکم کرنے پر تلے ہوئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے خود کش بم دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی او روفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر صوبہ خیبرپختونخواہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی سے مطالبہ کیا کہ ہنگو دوآبہ پولیس اسٹیشن پر خود کش بم دھماکے کا نوٹس لیاجائے ، خود کش بم دھماکے کی مذموم کارورائیوں میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے امریکی ریاست فلوریڈامیں قرآن مجید کی بے حرمتی اوراسے جلانے کے انتہائی شرمناک واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اورامریکہ کے صدربارک اوبامہ اورامریکی حکومت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ قرآن مجیدکوجلانے کے شرمناک واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔ اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ قرآن مجیدنہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام مذاہب کیلئے انتہائی قابل احترام الہامی کتاب ہے اوراس کی بیحرمتی نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام مذاہب عالم کے ماننے والوں کیلئے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس سے سب ہی کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔الطاف حسین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیاکہ جوعناصربھی اس مذموم واقعہ میں ملوث ہیں انہیں فی الفور گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے اوراس طرح کے واقعات کی ہرقیمت پر روک تھام کی جائے جن سے کسی بھی مذہب یاعقیدے کے ماننے والوں کے مذہبی جذبات کوٹھیس پہنچے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.