29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پولیس رینجرز امن قائم نہیں کرسکتے، کراچی فوج کے حوالے کیا جائے، بشیر بلور
جنگ نیوز -
پشاور . . . . . خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور نے کہا ہے کہ اگر الطاف حسین وطن واپس آئیں تو اسفند یار ولی خان ان سے ملنے کیلئے ضرور نائن زیرو جائینگے۔ پشاور میں جیونیوز سے گفتگو میں بشیر احمد بلورنے کہا کہ ولی خان مرحوم بھی نائن زیرو کا دورہ کرچکے ہیں۔ اسفندیار ولی خان کو بھی کراچی کے مسئلے کے حل کے لیے نائن زیرو جانے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز امن قائم نہیں کرسکتے۔ اس لیے شہر کو فوج کے حوالے کرنا چاہئے۔ بشیر بلور کاکہنا تھاکہ ملک دشمن عناصر کراچی میں امن وامان کی صورتحال خراب کرکے ایسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں جس سے اقتصادی عمل رک جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ،پی پی پی اور اے این پی کا نام لیکر ٹارگٹ کلنگ کرنے والے دہشت گرد ہیں ان کا سیاسی پارٹیوں سے کوئی تعلق نہیں۔