29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈرون حملے میں عام افراد کی ہلاکتوں پر افسوس ہے، مارک گراس مین
جنگ نیوز -
برسلز…پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراس مین نے شمالی وزیرستان ڈرون حملے میں قبائلیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مارک گراس مین نے شمالی وزیرستان میں 17 مارچ کو ڈرون حملے میں عام قبائلیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار برسلز میں ایک مباحثے کے دوران کیا ۔ برسلز فورم کے تحت مباحثے کا موضوع پاکستان کے ساتھ اعتماد کی کمی کو دور کرنا تھا ۔ مارک گراس مین نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کے مشن اور پاکستان کے ساتھ تعاون کا مقصد لوگوں کا تحفظ اور ان کی زندگیاں بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مخصوص آپریشنز کے متعلق بات نہیں کرسکتے اور نہ ہی پاکستان کے ساتھ تعاون کے تمام پہلوؤں پر بات کریں گے ۔ تاہم اس تعاون کا مقصد پاکستان ، امریکا اور یورپ کے عوام کو زیادہ محفوظ بنانا ہے ۔ برطانوی وزیر دفاع لیام فوکس نے مباحثے کے دوران کہا کہ مغرب کو پاکستان کی مدد کرنی ہوگی تاکہ پاکستان مغرب کی مدد کرسکے ۔