29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کا نام روشن کریں،اعزاز چوہدری
جنگ نیوز -
پیرس . . .رضا چوہدری. . . ہالینڈ کے شہردی ہیک میں گذشتہ روزیوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں یورپی پارلیمنٹ کے رکن اورکنزرویٹوپارٹی کے قانونی امورکے ترجمان سجاد کریم ، ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر اعزازاحمد چوہدری اور کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسیدنے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پاک ڈچ نیشنل فورم نامی تنظیم نے کیا۔ یہ تنظیم گذشتہ پانچ سالوں سے اس طرح کی تقریبات منعقد کررہی ہے۔تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے سجاد کریم نے کہاکہ یورپ میں بسنے والے پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوراپنے آبائی وطن پاکستان کا نام روشن کریں۔ سفیر اعزازاحمد چوہدری نے کہاکہ یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کی نئی نسل کو اپنی اخلاقی و ثقافتی اقدارکے ساتھ ساتھ یورپی معاشرے کو زیادہ سے زیادہ سمجھناچاہیے تاکہ وہ ان ممالک میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکیں۔ پاکستانیوں کو چاہیے کہ جس ملک میں بھی رہیں وہاں کے قوانین کا پاس کریں اور اپنے وطن کا نام روشن رکھیں۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ آج ہم یوم پاکستان مناکراس دن کی یاد تازہ کررہے ہیں جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے قیام کی قراردادمنظورکی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر کشمیرکونسل ای یو کی جدوجہد بڑے زورشور سے جاری ہے ۔ تقریب کے اختتام پررکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم ، ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر اعزازاحمد چوہدری اور کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسیدنے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں میں انعامات تقسیم کئے۔