29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قرآن پاک کی بیحرمتی:سندھ اسمبلی میں تین مذمتی قراردادیں منظور
جنگ نیوز -
کراچی…قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سندھ اسمبلی میں تین مذمتی قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کرتے ہوئے ایوان نے امریکااور اقوام متحدہ سے ٹیری جونز کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔اسپیکر نثار کھوڑو کی صدرات پونے دوگھنٹے تاخیر سے اجلاس شروع ہوا۔اس قبل اپوزیشن ارکان احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کرگئے تاہم بعدمیں منانے پر واپس آگئے۔ایوان میں تمام جماعتوں کے ارکان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور ٹیری جونز کے گھناؤنے فعل کے خلاف کارروائی کی تین قراردادیں اتفاق رائے سے منظورکی گئیں۔قراردادوں میں کہا گیا کہ ملعون پادری ٹیری جونز نے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح اور بین المذاہب ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، قرارداد وں میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں اس افسوسناک واقعہ کے خلاف قرارداد پیش کرے جبکہ اسی موضوع پر ایک اور قرارداد میں اقوام متحدہ اور امریکی حکومت سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی اور انصا ف کی فراہمی کامطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے صدر آصف علی زرداری اور وفاقی کابینہ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کا مقدمہ دوبارہ کھولنے کیلے اعلی عدالت کو ریفرنس ارسال کرنے کے فیصلے کی تائید کی گئی اور صدر مملکت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اپوزیشن رکن ماروری راشدی کی لیڈی ہیلتھ ورکرز سے متعلق قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ دینے پر خواتین ارکان میں بحث چھڑ گئی اور ایوان میں شورشرابہ ہوا،بعد میں اسپیکر نے اجلاس کل صبح تک ملتوی کردیا۔