29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیوایم نے ادبی اور ثقافتی سر گرمیوں کو فروغ دیا ہے، منظر ایوبی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے 27ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے زیر اہتمام پیر کی شب ناظم آباد کے انو بھائی پارک میں عظیم الشان عالمی مشاعرہ2011منعقد ہوا جس میں ملکی و غیر ملکی نامور شعراء کرام نے اپنا کلام سنایا ۔عالمی مشاعرے کی صدرات منظر ایوبی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف کمپےئر رضوان صدیقی اور راشد نور نے ادا کئے۔ مشاعرے کی خاص بات یہ تھی کہ اس کے مہمان خصوصی کراچی کے حق پرست عوام ،مائیں ،بہنیں،بزرگ ، نوجوان مختلف قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افرادتھے ۔ عالمی مشاعرہ2011میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر انیس قائم خانی ،اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست وزراء سمیت ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف فنکار قاضی واجد ، تھا ئی کواؤنڈو اشرف تھائی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدارتی خطاب میں منظرایوبی نے کہاکہ ایم کیوایم نے ماضی کی طرح امسال بھی مشاعرے کے انعقاد کو یقینی بنایا اور اس مشاعرے میں خاص بات یہ ہے کہ دیگر مشاعروں سے یہ مشاعر انتہائی مختلف ہے کیونکہ اس مشاعرے کو مہمان خصوصی سمیت سامین نے آخری وقت تک سماعت کیا جس کا سہرا قائد تحریک الطاف حسین کے سرجاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک بھر میں سیاست ہی نہیں کرتی ہے بلکہ ملک بھر کی عوام کے دلوں میں ادبی ، ثقافتی سر گرمیوں کو فروغ دیتی آئی ہے ۔مشاعرے سے کراچی تنظیمی کے انچارج حماد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم اپنی تہذیب و ثقافت کے اعتبار سے دیگر سیاسی جماعتوں سے انتہائی منفرد ہے جو معاشرے میں ہائی جانیوالی برائیوں کے دور کرنے کیلئے آنے والی نئی نوجوان نسلوں کو یہ دعوت فکر دینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے مشاعرے میں بھار ت ، کینڈا، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے تشریف لانے والے شعراء کرام اور مشاعرے کے مہمان خصوصی عوام کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔عالمی مشاعرہ کی محفل کا باقاعدہ آغاز10بجکر 30منٹ پرتلاوت قرآن پاک سے ہوا۔۔عالمی مشاعرے میں بھارت سے آنے والے معروف شاعرحسن کاظمی، محترمہ پرتیا واجپائی جبکہ کینڈا سے آئی ہوئیں ذکیہ غزل،امریکا سے فرح اقبال ، سعودیہ عرب سے آئے ہوئے نعیم حامد علی، حبیب صدیقی اور بنگلہ دیش سے آئے ہوئے جلال عظیم آبادی نے اپنا کلام پیش کیا ،اس موقع پر وصی شاہ، عباس تابش ،سعید الظفرصدیقی، باقی احمد پوری، تابش الواری، ساجد رضوی، خلش مظفر،، طارق سبزواری، عارف شفیق، گلنار آفرین،ڈاکٹر سکندر شیخ مطرب، عمیر انجم، اختر سعیدی، ڈاکٹر اقبال پیرزادہ، خالد معین ،صاحبزادہ عتیق الرحمن،پروفیسر ڈاکٹر طاہر حسین،خورشید اقبال حیدر، فیروز برہان پوری، خواجہ نوید، جاوید رضوی، جاوید منظر، شوکت علی عنقا، نقاش کاظمی ،راشد نور، نگہت مرزا، پروین سومرو،حیدر حسنین جیلیسی،یامین اختر، سحری علی، خواجہ رفیق انجم ، انور شعور، احمد نوید ، تاجدارعادل ،پروین نذیر سرور جاوید ، پروین حیدر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سکندر شیخ مطرب کے پیش کیے گئے عمدہ کلام پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے انھیں شیلڈ پیش کی۔