29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سندھ ہائیکورٹ،کیبل آپریٹرز کی ہڑتال کیخلاف فیصلہ برقرار رکھتے سماعت ملتوی
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے جیوٹی وی نیٹ ورک کی درخواست پرکیبل آپریٹرز کی ہڑتال کے خلاف فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سماعت اکتیس مارچ تک ملتوی کردی ۔ سندھ ہائیکورٹ نے انیس مارچ کے فیصلے میں کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کو حکم دیا تھا کہ جیونیٹ ورک کے تمام چینلز کی غیر قانونی بندش کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے جیونیٹ ورک کے تمام چینلز انہی پوزیشنوں پر بحال کئے جائیں جن پر گذشتہ روز تھے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سید حسن اظہر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ حکم جیونیٹ ورک کی طرف سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا تھا ۔عدالت کا کہنا ہے کہ کیبل آپریٹرز جیوسوپر سمیت کسی بھی نجی چینل کو آف ایئر نہیں کرسکتے ، جبکہ کیبل آپریٹرز کے وکیل رشید اے رضوی نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کی ہڑتال کسی چینل کے خلاف نہیں پیمرا کے خلاف تھی۔کیبل آپریٹرز پی ٹی وی کو اپنے لائسنز کی وجہ سے بند نہیں کرسکتے رشید اے رضوی کا مزید کہنا تھا کیبل آپریٹرز نے صرف جیو چینل نہیں بلکہ تمام چینلز بند کئے تھے، کیبل آپریٹرز کے وکیل رشید اے رضوی نے مزید بتایا کہ عدالت نے کیبل آپریٹرز کو آئندہ ہڑتال نہ کرنے کا پابند کیا ہے۔