29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امن کا پیغام لے کر بھارت آیا ہوں، وزیراعظم گیلانی
جنگ نیوز -
لاہور...پاکستان اور بھارت میں دوستی بڑھانے کی خاطر موہالی کے کرکٹ گراؤنڈ میں آج ہونیوالے معرکے کو دیکھنے کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھارتی شہر چندی گڑھ پہنچ گئے ہیں۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک اور بھارتی وزیر مملکت برائے مواصلات و آئی ٹی سچن پائلٹ نے ان کا چندی گڑھ میں استقبال کیا۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی یہاں سے موہالی جائیں گے، جہاں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ ان کا استقبال کرینگے۔ وزیراعظم نے صحافیوں سے مختصر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وہ خیر سگالی اورامن کاپیغام لیکر بھارت آئے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ آج اچھی کرکٹ دیکھیں ۔وفاقی وزرا اور سینئر سیاست دانوں کا وفد بھی اس خیر سگالی دورے پر ان کے ہمراہ ہے ۔ وزیر اعظم نے بھارت روانگی سے قبل راولپنڈی کی چک لالہ ایئر بیس پر اپنی گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک میں ماحول بہتر بنانے کی کوشش ہورہی ہے ، بھارتی وزیراعظم نے انہیں جو دعوت دی وہ اس پران کے شکر گزار ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قومی ٹیم سے اظہاریکجہتی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی ساتھ لے کر جارہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم سے موقع کی مناسبت سے بات ہوگی،وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ سیمی فائنل میں اچھی کارکردگی ہوگی اور قوم کو چاہئے کہ وہ کرکٹ سے لطف اندوز ہو۔