29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اسٹیج ،ٹی وی کے مشہورفنکار لیاقت سولجر کراچی میں انتقال کرگئے
جنگ نیوز -
کراچی...اسٹیج اور ٹیلی ویژن کے مشہورکامیڈین آرٹسٹ لیاقت سولجر کراچی میں وفات پاگئے، ان کی نماز جنازہ بادامی مسجد گزدرآباد میں بعد نماز عشا ادا کی جائے گی۔لیاقت سولجر بدھ کی صبح ایک ٹیلی ویژن چینل کے مارننگ شو میں شریک ہوئے تھے اور وہیں سے گھر واپس جاتے ہوئے انھیں دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔لیاقت سولجر نے70 کی دہائی میں اسٹیج ڈرامے تم کیا جانو سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔مرحوم کا اصل نام لیاقت علی تھا، انھوں نے پسماندگان میں3 بیٹوں، ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔لیاقت سولجر نے پاکستان کے سبھی بڑے اسٹیج آرٹسٹس خاص طور پر کامیڈین آرٹسٹس کے ساتھ کام کیا۔ لیاقت سولجر نے پاکستان سے باہر بھی بے شمارڈرامے اسٹیج کیے۔ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ملک اور بیرون ملک موجود ہے جو ان کی دی ہوئی مسکراہٹوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔