29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاک بھارت میچ: لاہور میں سڑکیں سنسان، دفاتر میں حاضری کم
جنگ نیوز -
لاہور...موہالی گراؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے سیمی فائنل میچ کے دوران لاہور کی سڑکیں اور بازار سنسان ہوگئے ،عدالتوں میں بھی حاضری کم رہی۔پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم ترین سیمی فائنل میچ کے دوران زندہ دلوں کا شہر لاہور بالکل مختلف نظر آیا ۔ لاہوریے دلچسپ اور کانٹے کا میچ دیکھنے کیلئے اپنے معمول کے کام چھوڑ چھاڑ کر یا جلد از جلد نمٹا کر گھروں میں جا بیٹھے،جوں جوں میچ کا وقت قریب آتا گیا شہر کی سڑکیں ،مارکیٹیں اور بازار خالی ہونے لگے ۔کاروباری مراکز میں صبح سے ہی چھٹی کا سماں رہا ،بازاروں میں گاہک نہ ہونے کے برابر تھے جبکہ دکاندار دکانوں میں ٹی وی لگا کر میچ دیکھنے میں مگن رہے۔ سڑکیں بھی ٹریفک اور مسافروں سے خالی ہو گئیں۔اہم شاہراہوں پر بھی اکا دکا گاڑیاں چلتی نظر آئیں، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں بھی وکلا اور سائلوں کی حاضری انتہائی کم تھی،جو آئے وہ کیسز کی نئی تاریخیں لیکر چلے گئے ۔