29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت سیاسی اورسفارتی سطح پرمکمل طورپرناکام ہے،لیاقت بلوچ
جنگ نیوز -
کوئٹہ...جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت سیاسی،معاشی، معاشرتی اورسفارتی سطح پرمکمل طورپرناکام ہوچکی ہے فوجی آمریت کے دورمیں شروع ہونے والی پالیسیاں تاحال جاری ہیں جن پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔یہ بات انھوں نے کوئٹہ ضلع کچہری میں وکلاسے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں عوام کی سطح پربہت سارے مسائل ہیں لاقانونیت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے بجلی کابحران شدیدترہوگیاہے تعلیم کے میدان میں بھی بہت مسائل ہیں بلوچستان کے نوجوانوں کوسوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیچھے دھکیلاجارہاہے انھوں نے کہاکہ عوام کواگرانکے حقوق نہ دیئے جائیں تویہ بہت بڑامسئلہ ہے بلوچستان کے لاپتہ افرادکی بازیابی کے لئے ہم نے بہت آوازبلندکی اس حوالے سے قائم کمیشن کاکوئی نتیجہ نہیں نکلا۔انھوں نے کہاکہ وفاقی سطح پریہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ بلوچستان میں حالات اس نہج پرکیوں پہنچے ریمنڈ ڈیوس کی ذلت آمیزرہائی حکومت کے لئے باعث شرم ہے بدعنوانی اورلوٹ مار کے کلچرنے ملکی معیشت اورقومی یکجہتی کوتباہ کیابحرانوں سے نکلنے کیلئے ہرشخص کواپناکرداراداکرناہوگاجماعت اسلامی اس کے لئے تیارہے بس عوام کواپنے نجات دہندہ کے طورپرانکاساتھ دیناہوگا۔انھوں نے مزیدکہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں آکرعوامی مسائل کے حل سمیت میثاق جمہوریت کی تمام شرائط بھول چکی ہے اورججزبحالی کی جوبات کی جاتی تھی اس کوجس طرح سیاسی جماعتوں نے وکلااورعوامی طاقت کیساتھ منوایاہے لگتاہے اب مزیداسی طرح کاکوئی کرداردوبارہ اداکرناہوگا۔