تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

صوابی :پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکہ کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوابی میں موٹر سائیکل سوار دہشت گرد کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش دھماکے میں اے ایس آئی ، پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل کے دن دہشت گردوں کی جانب سے صوابی میں خود کش دھماکہ کرکے معصوم و بے گناہ افراد کوخاک و خون میں نہلانا نہ صرف کھلی دہشت گردی بلکہ بزدلانہ کارروائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب پاکستانی قوم سیمی فائنل میں قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے اور ایسے موقع پر صوابی میں خود کش دھماکہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں نے ایک ایسے موقع پر صوابی میں دہشت گردی کی کارروائی کی ہے جب پوری قوم اور دنیا بھر کی نگاہیں پاکستان اور بھارت پر لگی ہوئی ہیں اور پاکستان میں دہشت گردوں نے خود کش دھماکہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے خود کش بم دھماکے میں شہید ہونے والے اے ایس آئی ، پولیس اہلکاروں سمیت دیگرافراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں شہیدو ں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا کہ صوابی میں موٹر سائیکل سوار دہشت گرد کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردوں کی سفاکانہ کاروائیوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام ملکی وسائل او رذرائع استعمال میں لائے جائیں ، عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرکے ملک وقوم کو جلد از جلد دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی جائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.