29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
چارسدہ :تحصیل شب قدر میں سیلاب سے تباہ حال پل تاحال تعمیر نہ ہوسکا
جنگ نیوز - آبپاشی کے نظام کی عدم بحالی سے ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہوگئی
چارسدہ…چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں سیلاب سے تباہ حال پل تاحال تعمیر نہ ہوسکا۔ جبکہ آبپاشی کے نظام کی عدم بحالی سے ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہوگئی۔دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر سیلابی ریلے کی نذر ہونے والا تحصیل شب قدراور تحصیل تنگی کو ملانے والا واحد رابطہ پل تاحال تعمیر نہ ہوسکا۔ جس سے دونوں تحصیلوں کے درمیان رابطہ کٹا ہوا ہے۔ حکومت نے سیلاب زدگان کی سہولت کے پیش نظرمنڈا کے مقام پر چئیر لفٹ کا انتظام تو کر دیا ہے۔ لیکن ساتھ ہی یک طرفہ دس روپے کرایہ بھی مقرر کر دیا ہے۔ جس کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق آبپاشی کا نظام بحال ہوا اور نہ ہی پل بن سکا۔ دوسری جانب دوآبہ کینال کی مکمل بحالی نہ ہونے سے شب قدر میں 16 ہزار ایکڑ اراضی بنجر ہونے لگی ہے۔ مقامی کاشتکاروں کے مطابق صوبہ کے وزیراعلیٰ نے اپنے آبائی ضلع مردان کو پانی فراہم کرنے والی لوئیر سوات کینال کوصرف ایک ماہ میں بحال کر دیا لیکن دوآبہ کینال تاحال بحال نہ ہو سکا۔ ہماری سولہ ہزار ایکڑ زمین جو ہے نا یہ ان ریکارڈ ہے کہ اس کی فصلیں خراب ہوئی ہیں۔ اور بنجر بھی ہوئی ہیں۔ مردان کیلئے ایک مہینے کے اندر اندر پانی کھل گیا لیکن ہمارا شب قدر جو سولہ ہزار ایکڑ زمین ہے یہ سارا بنجر پڑا ہے۔