29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ نے بھی رنگ دکھانا شروع کردیا ہے ۔نواب شاہ میں دن کے اوقات میں درجہ حرات بڑھ جانے کی وجہ سے بازاروں میں سناٹا چھاجاتا ہے ۔سندھ کا شہر نواب شاہ سب سے زیادہ گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔دن کے اوقات میں درجہ حرارت43 سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر سناٹا ہو جاتا ہے۔ اس دوران شہری علاقوں میں10 سے12 اور دیہی علاقوں میں12 سے16 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ سکھر،حیدر آباد ،لاڑکانہ اور جیکب آباد سمیت مختلف شہروں میں شدید گرمی کے دوران کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے امتحانات کی تیاری کرنے والے طالبعلموں کے علاوہ کارروباری حضرات کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔اوباڑو،ڈہرکی اور میر پور ماتھلو میں گرم موسم کے دوران14 سے16 گھنٹے کی اعلانی و غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کارروبار بری طرح متاثر ہے ۔فیصل آباد کے شہری علاقوں میں6سے8 اور دیہی علاقوں میں10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان ،راجن پور روجھان سمیت مختلف علاقوں میں رات اور دن میں12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ملتان میں6 سے7 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔کیسکو حکام کے مطابق چھتر میں متاثرہ ٹاور کی مرمت کے بعد شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں20 روز بعد بجلی بحال کردی گئی اور اب8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔