20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:53
ائرپورٹس،وی آئی پی شخصیات پر حملے،ہائی جیکنگ کا خطرہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد. . . .. . . . قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کی ذیلی کمیٹی نے ملک میں ائرپورٹس کی سیکورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ اور کہا ہے کہ ائر پورٹس کی سیکورٹی کے لئے جدید آلات نصب کیے جائیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس طالب نکئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ائر پورٹ سیکورٹی فورس حکام نے ائر پورٹس کی سیکورٹی بارے زیلی کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اے ایس ایف حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن تنصیبات، وی وی آئی پی شخصیات پر حملے اور ہائی جیکنگ کے خطرات ہیں اور وسائل کی کمی سے اے ایس ایف کو خطرات کا مقابلہ کرنے میں مشکلات ہیں۔ اے ایس ایف حکام نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افرادی قوت اور جدید اسلحہ کے لئے 2 ارب 45 کروڑ روپے درکار ہیں۔ زیلی کمیٹی نے اے ایس ایف میں اہلکاروں کی بھرتی کے طریقہ کار کی رپورٹ طلب کرلی۔