تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:57

ملک بھر میں بجلی کی طویل بندش،کراچی میں ہڑتالی ملازمین کا دھرنا جاری

جنگ نیوز -
کراچی. . . . .. . . .. . ملک بھر میں طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ جبکہ مختلف علاقوں میں شہری طویل لوڈشیڈنگ کے باعث احتجاج پر مجبور ہیں۔ حیدر آباد کے شہری علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پہنچ گئی ہے۔ جبکہ لوگوں کو کم وولٹیج کا بھی سامنا ہے۔جس سے برقی آلات خراب ہورہے ہیں۔جامشورو میں بجلی کی غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجروں نے دھرنا دیا۔ دیگر علاقوں سکھر، نوابشاہ، خیرپور ، بدین میں بھی لوگ طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔پنجاب کے علاقوں ملتان ، خانیوال ، لیہ ، وہاڑی ، راجن پور ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ ، رحیم یار خان ، لودھراں اور بہاولپور میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافی چارج نے شہریوں کو مزید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے .فیصل آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سمندری میں شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ مہمند ایجنسی کے علاقے میجر کلا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے شبقدر پشاور روڈ پر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردیا۔خیبر پختون خواہ کے دیگر علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، مانسہرہ میں بھی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ بلوچستان کے علاقوں نصیر آباد ، جعفرآباد سمیت دیگر علاقے کے لوگ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔چمن شہر میں اٹھارہ اور دہی علاقوں میں بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ کے ای ایس سی انتظامیہ کی جانب سے فیلڈ آپریشن کی بندش سے شہر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ شہر کے کئی علاقے بجلی کی طویل بندش کا شکار ہیں۔انتظامیہ نہ تو شکایت کا اندراج کر رہی اور نہ ہی ان کے ازالے کا کوئی انتظام ہے۔کے ای ایس سی انتظامیہ نے گزشتہ روز عدم تحفظ کی بنیاد پر شہر بھر میں فیلڈ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔انتظامیہ کے انتہائی اقدام کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں طویل تعطل آگیاہے۔شہر کے کئی علاقوں میں مختلف خرابیوں کے باعث بجلی کی طویل بندش کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔لیکن فیلڈ آپریشن معطل ہونے کے باعث نہ تو کوئی شکایت درج ہورہی اور نہ ہی انکا ازالہ کیا جارہاہے۔ان متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی،گلستان جوہر،صدر،جوبلی،لیاری،بہارکالونی،عسکری فور،ملیر،ماڈل کالونی،شاہ فیصل،کورنگی،لانڈھی،بلدیہ سمیت کئی علاقے شامل ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ شہر میں ڈھائی ماہ سے کے ای ایس سی انتظامیہ اور سی بی اے لیبر یونین کے تنازع کی سزا عوام کو دی جارہی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.