21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:2
کارکنان سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کریں،سرفراز احمد
جنگ نیوز -
کراچی…آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین سرفرازاحمد نے کہاہے کہ اے پی ایم ایس او کے کارکنان کو موجود ہ حالات کے تناظر میں خود کو جدید تعلیم کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے ملک کودرپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی ایم ایس او سیکٹر بی میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کے جوائنٹ سیکریٹری عمیر خان ، سیکریٹری نشرواشاعت احسن غوری ، سیکٹر و یونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ہمارے آباؤ اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے اور آج جب ملک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے تو ہمیں کسی بھی قربانی کی پرواہ کیے بغیر اس ملک کو بچانے کیلئے اپنی خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او کے کارکنان سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کریں اپنی ذات میں ایثار و قُربانی کے جذبے کو پروان چڑھائیں تعلیم کے ساتھ تحریکی و تنظیمی تربیت سے خود کو آراستہ کریں۔ علاوہ ازیں اے پی ایم ایس او کے سیکریٹری نشرواشاعت احسن غوری نے کہا کہ بحیثیت کارکن ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی ذات کو قائد تحریک الطاف حسین کی بتائی ہوئی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے تحریکی مشن و مقصد کیلئے جدوجہد جاری و ساری رکھیں، تحریکی و تنظیمی لٹریچر اور دنیا کی مختلف انقلابی تحریکوں پر لکھی جانے والی کتابوں کا باقاعدگی سے خود بھی مطالعہ کریں اور نئے آنے والے ساتھیوں کو بھی اس سے آگاہ کریں تاکہ ہمیں دنیابھر کی انقلابی تحریکوں کے اصول و ضوابط کا علم ہو اورہم اُن پر کارفرماں ہو سکیں۔