22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:57
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بجلی کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے
جنگ نیوز -
پشاور..... .. . پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بجلی کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ سندھ اور بلوچستان میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں ۔مہمند ایجنسی سے ملحقہ علاقے شبقدر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مقامی افراد نے ہڑتال کی داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے۔سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجروں کی ہڑتال جاری ہے ۔ چیچہ وطنی کے شہری و دیہی علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ ملتان کے علاقے معصوم شاہ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گذشتہ روزسے بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تاہم واپڈا حکام کی جانب سے بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی پر مظاہرہ ختم کردیا گیا۔ سندھ اور بلوچستان میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں ،جس کی وجہ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ ملتان میں معصوم شاہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی کی بندش کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔متاثرہ علاقوں میں رات گئے بجلی بحال کردی گئی۔معصوم شاہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں تیرہ گھنٹوں کی مسلسل بجلی کی بندش پر مشتعل شہریوں نے جان محمد چوک پر ٹائر جلا کر روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا اور میپکو حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ معصوم شاہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ صبح 8 بجے سے بجلی بند ہے اور کئی بار متعلقہ سب ڈویژن میں بجلی کی شکایات درج کرائے جانے کے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہوئی۔علاقہ مکینوں کا احتجاج دو گھنٹے جاری رہا جس کے بعد واپڈا حکام کی جانب سے علاقہ مکینوں کو جلد بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر مظاہرہ ختم کردیا گیاجبکہ رات گئے متاثرہ علاقوں کی بجلی بھی بحال کردی گئی۔