23 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:56
کراچی کی کٹی پہاڑی کے فسادات میں لینڈ مافیا ملوث ہے،آئی جی سندھ
جنگ نیوز -
سکھر. . . . . .. آئی جی سندھ واجد علی درانی نے کہا ہے کہ کٹی پہاڑی پر پچھلے دنوں جو واقعات ہوئے وہ لسانی فسادات نہیں تھے بلکہ لینڈ مافیا کی کارروائی تھی۔سکھر پولیس ہیڈ کواٹر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ کٹی پہاڑی سمیت تمام علاقوں میں حالات پولیس کے کنٹرول میں ہیں۔یہ درست ہے کہ فوج ایک سپیریر فورس ہے۔ کراچی میں پولیس کا کنٹرول ہے۔اب تک 17ٹارگٹ کلر پکڑے جا چکے ہیں ،ان سے تفتیش جاری ہے۔جلاوٴ گھیراوٴ میں ملوث درجنوں افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں محکمہ پولیس کو مضبوط کرنے کے لئے صدر کی جانب سے 5ارب روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے کہا ہے کہ10 ہزار پولیس بھرتی کیے جائیں گے۔سندھ پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں 4 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائیگا۔ آئی جی سندھ نے پولیس دربار سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے ہر ممکن اقدامات کریں اس معاملے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔