11 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:38
پشاور : پولیس موبائل پر بم دھماکا، الطاف حسین کا اظہار مذمت
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پشاور کے علاقے لاہوری گیٹ کے قریب پولیس موبائل پر بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعددپولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی اور خود کش بم دھماکوں کے ذریعے معصوم عوام کو خاک و خون میں نہلایاجارہا ہے اور جو سفاک دہشت گرد معصوم و بے گناہ لوگوں کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہیدہونے والے پولیس اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی او روفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر ہوتی سے مطالبہ کیا کہ پشاور کے علاقے لاہوری گیٹ کے قریب پولیس موبائل پر بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، بم دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور سخت نوعیت کے اقدامات کیے جائیں تاکہ معصوم شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور بم دھماکوں کی مذموم کارورائیوں میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو فوری طور پر گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم گڈاپ سیکٹرجمالی یونٹ کے بلوچ کارکن رحیم بگٹی کی شہادت اور قصبہ علیگڑھ سیکٹریونٹ122-Bکے انچارج انصار احمد کی والدہ صالح خاتون کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگواران کوصبرجمیل عطافرمائے۔ (آمین) دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم نیوکراچی سیکٹریوسی5کے رکن حفیظ مسیح کے والدمتھیلامسیح کے انتقال پردلی افسوس کااظہارکیاہے علاوہ ازیں حق پرست رکن رشیدخان ،اراکین اقلیتی امورکمیٹی نے مرحوم کی آخری رسومات میں شرکت کی اور سو گوارن سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے دلی افسوس کااظہار کیا۔