تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:13

سندھ میں بارشیں، بدین اور ٹھٹھہ کے متعدد دیہات زیرآب آگئے

جنگ نیوز -


بدین…بہت سی دعاوٴں کے بعد سندھ میں ہونے والی بارشیں ضلعی حکومتوں کی نااہلی کے باعث شہریوں کے لئے رحمت کے بجائے زحمت بن گئیں۔بارش کو24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بیشتر علاقوں میں نکاسِ آب کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ضلع بدین میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ دوروز کی طوفانی بارشوں کے باعث شادی لارج،پنگریو،ملکانی اور ملحقہ علاقوں میں کئی دیہات زیر آب آگئے۔متاثرہ دیہاتوں کی جانب جانے والے کچے راستے بھی پانی جمع ہونے کے باعث بند ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے 30 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔تاہم یہاں پہنچنے والے متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں کل شام سے کسی حکومتی اہلکار نے نہیں پوچھا نہ ان کے لئے ہی افطار و سحری کا کوئی انتظام کیاگیا۔ میر پور خاص میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ ضلع ٹنڈو الہ یار کے شہروں چمبڑ،جھنڈو مری،ٹنڈو الہ یار سمیت ضلع کے اکثر شہروں میں چار چار فٹ پانی جمع ہے جس کے نکاس کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد کے علاقوں سبزی منڈی،ریلوے کالونی،لطیف آباد نمبر دو اور چھ سمیت مختلف علاقوں میں بھی ایک ایک فٹ پانی جمع ہے۔ٹھٹھہ میں بھی مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.