5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:54
سیلاب متاثرین کیلئے تمام وسائل متحرک کیے جائیں، صدر زرداری
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کیا جائے۔ صدر زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں سندھ میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ،حنا ربانی کھر،نوید قمر، چیئر پرسن این سی ایچ ڈی نفیسہ شاہ،چیئرمین این ڈی ایم اے ظفر اقبال قادر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ کپاس کی فصل تباہ ہونے سے سندھ میں زیادہ نقصان ہوا۔ صدر زرداری نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ امداد فراہم کرے گی، وسائل میں کمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہئے اور وبائی امراض سے بچاوٴ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔صدر نے مخیر حضرات اور غیر سرکاری اداروں سے اپیل کی ہے کہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔