5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:54
پی ایس او کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ،17ارب کی فوری ادائیگی کا مطالبہ
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . پی ایس او نے حکومت سے پاور سیکٹر کی طر ف بقایا جات میں سے 17ارب روپے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کر دیا ، حکام کے مطابق رقم نہ ملی تو کمپنی کے ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔پی ایس او حکام نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ پیپکو اور واپڈا کی طرف 151ارب روپے کے بقایاجات ہیں ، اب درآمدی تیل کی ادائیگی کرنی ہے جس کیلئے حکومت سے کہا ہے کہ فوری طور پر17 ارب روپے کی ادائیگی کی جائے ورنہ کمپنی ڈیفالٹ کر سکتی ہے ۔ دوسری صورت میں پی ایس او کو مجبوراً بنکوں سے مزید قرض لینا پڑیگا۔ حکام نے بتایا کہ پاور سیکٹر ماہانہ پی ایس او سے 35 ارب کا تیل خریدتا ہے جبکہ ادائیگی صرف 15ارب روپے تک کی جاتی ہے۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری پٹرولیم اعجاز چودھری نے وزارت خزانہ اور وزارت پانی و بجلی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاور سیکٹر کی طرف سے پی ایس او کو تیل کی ادائیگیوں کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہو چکا ہے، بروقت ادائیگیاں نہ ہونے سے پی ایس او کی مالی پوزیشن خراب ہو ری ہے۔ سیکریٹری پٹرولیم کی طر ف سے تجویز دی گئی ہے کہ پاور سیکٹر پی ایس او کو تیل کی ادائیگیوں کیلئے مقامی بنکو ں قرضہ لے لے۔