7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:51
امریکا نے یونس الموریطانی تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا
جنگ نیوز -
نیویارک…جنگ نیوز…امریکی وزیردفاع لیون پنیٹانے کوئٹہ کے نواح سے گرفتارالقاعدہ رہنمایونس الموریطانی تک امریکی تفتیش کاروں کو رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کیساتھ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مل کرکام کریگا، امید ہے کہ اسلام آباد القاعدہ کے گرفتاررہنماتک رسائی دیگا۔بدھ کو نیویارک میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکاپاکستان کے ساتھ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مل کر کام کریگا اور امید ہے کہ پاکستان کوئٹہ سے القاعدہ کے گرفتاررہنمایونس الموریطانی اور اس کے دیگر دوساتھیوں تک امریکی تفتیش کاروں کو رسائی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے سینئر رکن کی گرفتاری پر پاکستان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، اس کارروائی سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں امریکا کے ساتھ ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین دہشت گردی کیخلاف جنگ میں موثرپارٹنرشپ برقراررہے گی۔یاد رہے کہ یونس الموریطانی کو چند روز قبل کوئٹہ کے مضافات سے القاعدہ کے دیگر دو اہم کارکنوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا،وائٹ ہاؤس کے ترجمان اور امریکہ کے دیگر عہدیداروں نے یونس الموریطانی کی گرفتاری کی پاکستانی انٹیلی جنس او رسکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مابین دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون کی مثال قراردیاتھا۔