7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:43
پیپلز پارٹی نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کو نواز حکومت ہلانے کیلئے غیبی مدد قرار دیا
جنگ نیوز -
واشنگٹن…خفیہ امریکی مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے انیس سو اٹھانوے میں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کو نواز حکومت ہلانے کیلئے غیبی مدد قرار دیا تھا۔ اٹھائیس مئی انیس سو اٹھانوے کو امریکی پولیٹیکل قونصلر DAN MOZENAنے واشنگٹن کو مراسلہ بھیجا جس میں اْس وقت پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر سے چھبیس مئی کو ہونیوالی ملاقات کی تفصیل لکھی گئی۔ مراسلے کے مطابق فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نے گیارہ اور تیرہ مئی کے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دینے میں بہت دیر کردی ہے۔ بھارت کے ایٹمی دھماکے پیپلز پارٹی کیلئے ایسے ہیں جیسے نواز حکومت کے اقتدار کو ہلانے کیلئے پیپلز پارٹی کے پاس غیبی مدد آئی ہے۔ فرحت اللہ بابر نے نواز حکومت سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔ مراسلے کے مطابق لاہور میں پولیٹیکل آفیسر سے ملاقات میں خود پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو نے بھی ایٹمی دھماکوں کا جواب دینے کے بارے میں ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا تھا اور نواز حکومت کی کمزور اور فیصلہ کرنے کی اہلیت کو سامنے رکھتے ہوئے قومی حکومت تشکیل دینے کی بات کی تھی۔